ریاض،25؍اگست(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے بدھ کے روز جدہ کے قصرِ سلام میں اپنے دفتر میں ریپبلکن اور ڈیموکریٹک پارٹی سے تعلق رکھنے والے ارکان پر مشتمل ایک امریکی وفد سے ملاقات کی۔ وفد میں سفیر ڈینس راس ، سفیر جم جیفری، سفیر زلمائی خلیل زادہ ، ڈاکٹر ول گورڈن، ڈاکٹر روب ڈینن، پروفیسر میگن اوسیلوان، ڈاکٹر میٹ اسپنس، ڈاکٹر سامنتھا راوش، مائیکل ایلن، ماریہ اسیکسیکلر اور مچل ہوتش برگ شامل تھے۔خادم حرمین شریفین نے امریکی وفد کے ارکان کو مملکت میں خوش آمدید کہتے ہوئے دوران قیام ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔ وفد کے ارکان نے خادم حرمین شریفین کی جانب سے اپنے استقبال اور مملکت میں وفد کے ارکان کے لیے گرم جوشی پر شاہ سلمان کا شکریہ ادا کیا۔ملاقات کے دوران سعودی عرب اور امریکا کے درمیان تاریخی اہمیت کے حامل دوستانہ تعلقات اور دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں خصوصی تعاون کی صورتیں زیر بحث آئیں۔اس موقع پر کابینہ کے رکن اور وزیر مملکت ڈاکٹر مساعد العیبان، وزیر ثقافت و ذرائع ابلاغ ڈاکٹر عادل الطریفی اور وزیر خارجہ عادل الجبیر بھی موجود تھے۔